اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے وکلاء رابطہ کمیٹی کے وفد کی ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد/ کاشگل نیوز

پاکستان کی قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی سے وکلاء رابطہ کمیٹی کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں کشمیر کی موجودہ سیاسی و عوامی صورتحال اور جاری عوامی حقوق کی تحریک پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفد میں جبار کاشر ایڈووکیٹ، نثار شاہ ایڈووکیٹ، فہد ذرین ایڈووکیٹ، ساجد کاشر ایڈووکیٹ اور مدثر محبوب ایڈووکیٹ شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے قائدِ حزبِ اختلاف کو کشمیر میں جاری حالات، عوامی مطالبات اور پرامن احتجاجی تحریک کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے طاقت یا تشدد کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن مظاہرین کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے اور تمام معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کشمیر میں جاری پرامن عوامی حقوق کی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت، عوامی نمائندے اور ریاستی ادارے کشمیری عوام کے مطالبات اور تحفظات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دیرپا اور پائیدار حل کی جانب پیش رفت کریں گے۔

Share this content: