جنیوا/ کاشگل نیوز
یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی (UKPNP) کے سینئر رکن صابر حسین نے یورپ بھر میں مقیم کشمیریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور انصاف پسند حلقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 جون 2026 کو جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے منعقد ہونے والے پُرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
اپنے ایک بیان میں صابر حسین نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال، مبینہ مواصلاتی بندش اور انسانی حقوق سے متعلق موصول ہونے والی تشویشناک اطلاعات عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔ ان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں عوام خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی قلت سمیت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع سے یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ بعض علاقوں میں رات کے اوقات میں گھروں پر مبینہ چھاپے مارے جا رہے ہیں، جن کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیے جانے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان تمام الزامات کی آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
صابر حسین نے کہا کہ سردار شوکت علی کشمیری کی قیادت میں یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی (UKPNP) ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق، انسانی وقار اور انصاف کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور اپنی سیاسی جدوجہد کو انسانی حقوق کے فروغ اور عوامی شعور کی بیداری کے لیے وقف کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یہ پُرامن احتجاج 26 جون 2026 کو دوپہر 2 بجے جنیوا میں اقوام متحدہ کے سامنے منعقد ہوگا۔ انہوں نے بالخصوص یورپ میں مقیم کشمیری برادری سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے عوام کے حقوق اور انصاف کے مطالبے کی حمایت کریں۔
صابر حسین کا کہنا تھا کہ ’’تمام کشمیری، خصوصاً یورپ میں مقیم افراد، اس احتجاج میں ضرور شریک ہوں۔ آپ کی موجودگی ایک مضبوط اور متحد پیغام دے گی کہ ہم اپنے عوام کے حقوق، انسانی وقار اور انصاف کے لیے ایک آواز ہیں۔‘‘
انہوں نے اقوام متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، متاثرہ آبادی کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور حقائق کے تعین کے لیے آزاد و شفاف تحقیقات میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
Share this content:


