کشمیر میں عوامی تحریک کے خلاف انتقامی کارروائیاں،دھیرکوٹ میں متعدد دکانیں سیل

دھیرکوٹ /کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام کشمیر کے علاقے دھیرکوٹ میں انتظامیہ نے بازار کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔ سیل کی جانے والی دکانوں میں کشمیر چکن شاپ، راجہ جی آرمز کمپنی (اسلحہ ڈیلر)، کسان ونڈا ڈیلر شاپ، الوقار بیکری اینڈ سویٹس، ارشاد ہوٹل سمیت دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق انتظامیہ کی ٹیم نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دکانوں کو بند کر کے ان پر سیل لگا دی، جس کے باعث بازار میں تشویش کی فضا پیدا ہو گئی اور تاجروں میں بے چینی پھیل گئی۔

تاہم، تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مذکورہ دکانوں کو کس بنیاد پر یا کن مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث سیل کیا گیا ہے۔

متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں کارروائی کی وجوہات سے مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

تاجر برادری نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دکانوں کی سیل بندی کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں اور اگر کوئی قانونی یا انتظامی خلاف ورزی موجود ہے تو متعلقہ افراد کو باقاعدہ نوٹس جاری کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب شہری حلقوں کی جانب سے بھی انتظامیہ سے اس معاملے پر وضاحت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Share this content: