مظفرآباد/ کاشگل نیوز
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر افی راجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ہمیشہ پرامن طریقے سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایکشن کمیٹی کے سربراہ شوکت نواز میر کو شدید فائرنگ کے بعد اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دھیرکوٹ کے راستے راولاکوٹ جا رہے تھے۔
افی راجہ نے شوکت نواز میر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے یا 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شوکت نواز میر کی گرفتاری کے بعد آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری سراپا احتجاج ہیں اور یہ دکھ صرف مظفرآباد تک محدود نہیں بلکہ پورا کشمیر مظفرآباد کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات انتہائی نازک اور حساس ہیں، اس لیے مظفرآباد کے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مکمل طور پر پرامن رہیں اور فی الحال شہر میں کسی بھی قسم کے احتجاج یا سڑکوں پر نکلنے سے گریز کریں۔
افی راجہ کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے اراکین اس وقت اہم مشاورت میں مصروف ہیں، لہٰذا عوام کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے دشمن عناصر یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریک کو نقصان پہنچانے کا موقع ملے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایکشن کمیٹی کی جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، نظم و ضبط برقرار رکھیں اور آئندہ کے حتمی لائحہ عمل کا انتظار کرتے ہوئے ہر وقت تیار رہیں کیونکہ کسی بھی وقت باقاعدہ کال دی جا سکتی ہے۔
Share this content:


