کشمیر میں پاکستانی فورسز کی بربریت جاری ،ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

پاکستان زیر انتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ سے موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فورسز کی نہتے مظاہرین پر فائرنگ وشیلنگ کے واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

مقامی صحافی دانش ارشاد اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، فائرنگ کے ان افسوسناک واقعات میں اب تک 17 اموات ہو چکی ہیں۔ ہلاک ہونے والے افراد میں سے 15 کی ابتدائی طور پر شناخت ہو گئی ہے، جن کی شناخت عثمان نذیر (راولاکوٹ)، محمد مزمل (علی سوجل)، ضرغام خلیل (دریک)، ٹھیکیدار نعیم بٹ (کوٹلی)، فدا حسین (گڑالہ)، فہیم افضل (چھوٹا گلہ)، کاشف یعقوب (چھوٹا گلہ)، ثاقب حنیف (ریڑھ بن)، ثاقب اسحاق (نمب گوارہ)، نثار (دھمن، پکھوناڑ)، اریل اصغر (تتہ پانی)، باسط شاہ (ہجیرہ)، عثمان گل (دریک)، جفیر پہلوان (تراڑکھل) اورارسلان لطیف ڈار (حویلی) شامل ہیں۔

ان کے علاوہ دو دیگر ہلاک افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔ تاہم، آزاد ذرائع سے ان اعداد و شمار اور تمام ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب، مقامی صحافی اجمل شاہین کے مطابق اس وقت دو قافلے شہر میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ مظاہرین کے مرکزی قافلے کو فورسز نے چنار چوک کے مقام پر روک رکھا ہے۔

Share this content: