کشمیر میں اختلافِ رائے کو گولی اور لاٹھی سے کچلنے کی پالیسی قابلِ قبول نہیں، جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی نے راولاکوٹ، میرپور اور پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں پُرامن شہریوں کے خلاف ریاستی طاقت کے وحشیانہ استعمال، اندھا دھند فائرنگ، تشدد اور انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے مطالبات کے حق میں پُرامن طور پر مظفرآباد کی جانب مارچ کرنے والے شہریوں پر گولیاں برسانا، انہیں تشدد کا نشانہ بنانا اور طاقت کے ذریعے ان کی آواز دبانے کی کوشش ریاستی جبر، استبداد اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس نے تاریخ کا ایک اور سیاہ باب رقم کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اختلافِ رائے کو گولی، لاٹھی اور طاقت کے ذریعے کچلنے کی پالیسی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ریاستی تشدد اور خوف و ہراس کے ذریعے عوام کو خاموش کرانے کی ہر کوشش نہ صرف اخلاقی اور سیاسی طور پر ناکام ہوگی بلکہ اس سے خطے میں مزید بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔

پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سیاسی معاملات میں پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں کی مسلسل مداخلت اور پسِ پردہ کردار نے حالات کو مزید پیچیدہ اور کشیدہ بنا دیا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ سیاسی معاملات اور فیصلہ سازی میں خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو آزادانہ اور جمہوری سیاسی عمل میسر آ سکے۔

پارٹی نے مزید مطالبہ کیا کہ فائرنگ اور تشدد کے تمام واقعات کی آزاد، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی نے اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (OHCHR)، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس (ICJ)، انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس (FIDH)، ایشین ہیومن رائٹس کمیشن (AHRC) اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، شہریوں کے قتل، زخمی کیے جانے اور اظہارِ رائے و پُرامن احتجاج کے حق پر حملوں کا فوری نوٹس لیں، حقائق پر مبنی آزاد تحقیقات کے لیے دباؤ ڈالیں اور مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

پارٹی نے واضح کیا کہ ظلم، جبر، تشدد اور ریاستی طاقت کے ذریعے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ عوام کے سیاسی، قومی اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام ہی دیرپا امن، انصاف اور استحکام کی ضمانت ہے، جبکہ طاقت اور جبر کی پالیسی صرف نفرت، تصادم اور مزید خونریزی کو جنم دے گی۔

Share this content: