بلوچ قوم آج دنیا بھر میں بلوچستان کی یومِ آزادی اور تجدیدِ عہد کا دن منا رہی ہے

آج 11 اگست کو دنیا بھر میں آباد بلوچ قوم اور تمام آزادی پسند قوتیں ‘روزِ تجدیدِ عہدِ بلوچستان’ (Baloch Pledge Renewal Day) اور اپنا تاریخی یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہیں۔ 11 اگست 1947ء کو برطانوی نوآبادیاتی راج کے انخلا کے بعد بلوچستان کی باقاعدہ آزادی کا اعلان کیا گیا تھا اور اس طرح بلوچستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر ابھر کر سامنے آیا تھا۔

تاہم 11 اگست کی اس تاریخی اور قانونی آزادی کے بعد، 27 مارچ 1948ء کو پاکستان نے فورسز کے ذریعے بلوچستان کے ساتھ الحاق اور بزورِ طاقت قبضہ کا عمل پورا کیا۔ بلوچ قوم دہائیوں سے اس دن کو اپنی تاریخی حیثیت کی یاد دہانی، قومی شعور کی بیداری اور اپنی آزادی کے عزم کی تجدید کے طور پر مناتی آرہی ہے اور عالمی سطح پر اپنے حقوقِ خودارادیت کی آواز بلند کر رہی ہے۔

اس تاریخی مناسبت سے آج 11 اگست کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کے زیرِ اہتمام ایک اہم کانفرنس اور تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ دوپہر 3:00 بجے سے شام 5:30 بجے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں بی این ایم کے اراکین، حامی اور سیاسی و سماجی کارکنان شرکت کر رہے ہیں تاکہ بلوچستان کی قومی تاریخ، آزادی کی مسلسل جدوجہد اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی جا سکے۔

قبل ازیں، جرمنی کے مختلف شہروں میں بھی بی این ایم کی جانب سے 11 اگست کی مناسبت سے سیمینار اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ فرینکفرٹ (اوڈر) میں ایک مرکزی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ ڈسلڈورف، ہینوور اور بریمن جیسے اہم شہروں میں عوامی سطح پر بلوچستان کی تاریخی حیثیت اور موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق معلوماتی مہمات چلائی گئیں۔

جرمنی میں منعقدہ سیمینار سے بی این ایم کی مرکزی کمیٹی کے رکن حمل بلوچ، جرمنی چیپٹر کے صدر اصغر علی اور مصطفیٰ شاہوانی نے خطاب کیا۔

مقررین نے برطانوی راج کے خاتمے کے بعد کی تاریخی پیش رفت، الحاق پر بلوچ قوم کے نقطہ نظر اور خطے کی اسٹریٹجک و جیو پولیٹیکل اہمیت پر سیر حاصل حاصل گفتگو کی اور بیرونِ ملک مقیم بلوچوں (Baloch Diaspora) پر قومی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔

جرمنی سیمینار کے دوران "11 اگست: بلوچستان کی آزادی، الحاق اور مزاحمت کی ان کہی کہانی” کے عنوان سے ایک ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں اعلانِ آزادی اور بعد کے حالات کا تفصیلی احاطہ کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام بی این ایم کے نظریاتی رہنما شہید غلام محمد بلوچ کی شاعری پر مبنی ایک بلوچی ٹیبلو کے ساتھ ہوا، جس میں قومی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

بلوچستان کی آزادی پسند جماعتوں اور بیرونِ ملک مقیم نمائندوں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں 11 اگست کو یومِ آزادی اور تجدیدِ عہد کے طور پر منانے کا بنیادی مقصد بین الاقوامی برادری اور یورپی عوام کو بلوچستان کے تاریخی مقدمے، قوم پرست تحریک اور موجودہ سیاسی و انسانی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔

Share this content: