بلوچستان میں مسلح افراد کی شاہراہوں پر ناکہ بندی، تجارتی گاڑی نذرِ آتش

بلوچستان کے علاقے چاغی اور نوشکی میں اہم تجارتی شاہراہوں پر مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندیوں، گاڑی کو آگ لگانے اور فائرنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

ضلع چاغی کے علاقے پدگ چارسر کے قریب کوئٹہ تفتان تجارتی شاہراہ پر مسلح افراد نے ایک تجارتی گاڑی کو آگ لگا دی جبکہ مال بردار دو دیگر ٹرکوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی کے ڈرائیور نے مسلح افراد سے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر حملہ آوروں نے گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا۔

دوسری جانب، ضلع نوشکی کے علاقے زارین جنگل کے مقام پر مسلح افراد نے نوشکی خاران مین شاہراہ کو ناکہ بندی کر کے بلاک کر دیا۔

ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو تجارتی گاڑیوں کے ٹائروں کو شدید نقصان پہنچا۔

ان واقعات کے باعث دونوں اہم شاہراہوں پر تجارتی آمدورفت معطل ہو گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم ابھی تک کسی مسلح تنظیم نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Share this content: