عرب لیگ نے لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے حملوں کو ’خطرناک کشیدگی‘ قرار دیا ہے۔ ان حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
عرب لیگ کے مطابق یہ صورتحال جنگ بندی کی کوششوں اور کسی حل تک پہنچنے کی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
عرب لیگ کے ترجمان نے کہا کہ ’اسرائیل کی پالیسیاں اور اقدامات واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں کہ قابض قوت تنازع کو طول دینا، مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنا اور زمینی حقائق کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرنا چاہتی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘
ترجمان نے خبردار کیا کہ ’یہ تنازع مزید علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔
ان کے مطابق ’اگر عالمی برادری، بالخصوص امریکہ، اسرائیل کی ’جنگ‘ کو روکنے اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد پر مجبور کرنے میں ناکام رہی تو صورتحال مزید کشیدہ ہوتی جائے گی۔‘
سنہ 2006 میں منظور کی گئی قرارداد 1701 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ قرارداد میں حزب اللہ کے تمام حملوں اور اسرائیل کی تمام جارحانہ فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
Share this content:


