آزاد کشمیر کی صورتحال: 70 سے زائد برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کا اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط

برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر سے متعلق تمام جماعتی پارلیمانی گروپ (APPG) کے چیئرمین اور برادفورد ایسٹ سے ممبر پارلیمنٹ عمران حسین کی قیادت میں 70 سے زائد اراکینِ پارلیمنٹ نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ایک ہنگامی خط ارسال کیا ہے، جس میں پاکستان کے زیر انتظام آزاد جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر فوری عالمی مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں خطے میں حالیہ کشیدگی، جانی نقصان، مواصلاتی رابطوں کی بندش، غیر قانونی گرفتاریوں اور بنیادی اشیائے ضروریہ (خوراک و ادویات) کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

اراکینِ پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ خطے میں ہر قسم کے تشدد اور جانی نقصان کا فوری تدارک کیا جائے۔انٹرنیٹ اور مواصلاتی خدمات کو تمام شہریوں کے لیے فوری طور پر بحال کیا جائے۔ خوراک، ادویات اور طبی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔شہریوں کو بلا جواز حراست میں لینے کا سلسلہ بند کر کے قانونی طریقہ کار اور وکلاء تک رسائی دی جائے۔ جانی نقصان اور طاقت کے بے جا استعمال کے واقعات کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جوابدہی کی جائے۔اقوامِ متحدہ کی قرادادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کشمیری عوام کے حقوق کو محور بنا کر سیاسی اور پُرامن مذاکرات کا فوری آغاز کیا جائے۔

خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ پر بین الاقوامی قانون کے تحت تاریخی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے سفارتی ذرائع کو متحرک کرے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Share this content: