کشمیری شہری دبئی سے وطن پہنچنے پرگرفتار، دوران حراست شدید تشدد سے ادھ موا، ہسپتال منتقل ،آپریشن شروع

باغ/ کاشگل نیوز

پاکستان زیرانتظام جموں و کشمیر ضلع باغ ریڑھ باغ سے تعلق رکھنے والے مرزا خیام چند روز قبل دبئی سے وطن واپس آئے تھے، جنہیں مبینہ طور پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق مرزا خیام کے خلاف کسی بھی قسم کا کوئی مقدمہ درج نہیں تھا، تاہم اس کے باوجود انہیں حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دورانِ حراست مرزا خیام کی ریڑھ کی ہڈی (Spinal Cord) کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ان کے دونوں پاؤں نے کام کرنا چھوڑ دیا اور وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئے۔

مرزا خیام کو علاج کے لیے CMH راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں آج ان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کیا گیا ہے۔ ان کی موجودہ حالت کے حوالے سے اہلِ خانہ اور دوست احباب نے شہریوں سے جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

واقعے نے متعدد اہم سوالات بھی جنم دیے ہیں کہ اگر مرزا خیام کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا تو انہیں کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا؟ اور دورانِ حراست انہیں ایسی شدید چوٹ کیسے لگی جس کے باعث ان کے دونوں پاؤں نے کام کرنا چھوڑ دیا؟

متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور یہ تعین کیا جائے کہ مرزا خیام کو کس بنیاد پر حراست میں لیا گیا اور دورانِ حراست پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار کون ہے۔

دوسری جانب اہلِ خانہ نے عوام سے مرزا خیام کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

Share this content: