کشمیر جرنلسٹ فورم وفد کی مینجنگ ڈائریکڑ بیت المال سے ملاقات ، ترجیحی بنیادوں پرسہولیات دینے کی یقین دہانی

اسلام آباد
سٹاف رپورٹر

 

کشمیر جرنلسٹ فورم کے نو منتخب صدر عرفان سدوزئی کی وفد کے ہمراہ مینجنگ ڈائریکڑ بیت المال پاکستان کپیٹن سینیٹر شاہین خالد بٹ سے ملاقات کی ۔

فورم کے صدر نے انہیں اپنی تنظیم کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

شاہین خالد بٹ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جرنلسٹ فورم کے مستحق ممبران کو صحت، تعلیم ، بیٹیوں کے جہیز سمیت دیگر سہولیات ترجیحی بنیادوں پر دی جائیں گی۔ بیت المال کا بجٹ دگنا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ارب کر دیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو ہر ممکن مدد کریں، ادارے نے کیسز کے جمع کرائے جانے اور انکی تصدیق کا عمل انتہائی تیز اور شفاف کر دیا ہے، سائلین کو ہر ممکن سہولت دینا بیت المال کی ذمہ داری ہے۔

ایم ڈی بیت المال نے فورم ممبران کی آسانی کیلئے فوکس پرسن بھی نامزد کر دیا جبکہ فورم کے صدر نے سینئر صحافی شیخ منظور احمد کو بیت المال کے ساتھ ممبران کے کیسز کیلئے فوکل پرسن نامزد کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام آباد کے نو منتخب صدر عرفان سدوزئی کی سربراہی میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں سینیئر صحافی سردار شوکت محمود، شیخ منظور احمد، راجہ عثمان طاہر ، خواجہ کاشف میر اور سید شیراز گردیزی موجود تھے۔ وفد اراکین نے بیت المال میں نو تعینات ایم ڈی کپیٹن سینیٹر شاہین خالد بٹ کو مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا جبکہ ایم ڈی بیت المال نے نو منتخب صدر کشمیر جرنلسٹ فورم عرفان سدوزئی سمیت تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ا

اس موقع پر مینجنگ ڈائریکڑ بیت المال پاکستان کپیٹن سینیٹر شاہین خالد بٹ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بیت المال میں میرٹ کو بحال رکھا جائے، ہمارے پاس 11 ارب روپے کا سالانہ فنڈ ہے، مستحق لوگوں کو آسان اور فوری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جارہی ہیں۔کشمیر جرنلسٹ فورم کے ممبران کی بچیوں کی جہیز فنڈ، تعلیم اور صحت میں خصوصی طور پر معاونت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کو جس طرح بجلی اور آٹے میں ریلیف فراہم کیا ہے اس کی 77 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور جبر کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کو وفاقی حکومت ریلیف فرام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں میں پورے پاکستان کا نمائندہ ہوں لیکن کشمیر کے عوام اور میڈیا کو خصوصی ریلیف فرام کرنے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال میں گزشتہ نو ماہ سے ایم ڈی نہیں تھا جس کی وجہ سے کئی کیسز التوا کا شکار تھے۔پاکستان بیت المال کا تمام سٹاف اور میں خود دن رات ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔علاج معالجے کے سلسلے میں جو کیسز زیر التو تھے ان کے بھی احکامات جاری کر کے چیک جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے دفاتر میں جو لوگ آ رہے ہیں ان کو بھی ہنگامی بنیادوں پر امداد کی جا رہی ہے۔خصوصاً علاج معالجے کے سلسلے میں جو کیسز التوا کا شکار تھے ان پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سسٹم میں متعلقہ لوگوں کی محکمانہ انکوائری کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ محکمے کے لوگوں کو کہہ دیا ہے کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ پاکستان بیت المال کرپشن سے پاک ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست نہیں کرنا چاہتا لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس ادارے سے غریب اور مستحق لوگوں کی بلا تفریق مدد ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بیمار ہیں ان کے ہنگامی بنیادوں پر ہسپتالوں کو چیک جاری کیے جاتے ہیں۔کوشش کرتے ہیں کہ چار سے چھ دن کے اندر اندر یہ پراسس مکمل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے مجھے جس منصب پر فائض کیا ہے اس کے ساتھ ایمانداری کے ساتھ چلوں گا۔مستحق لوگوں کو ترجیح بنیادوں پر امداد دوں گا۔کوشش کروں گا کہ مستحق لوگوں کو ان کا حق ملے۔

انہوں نے کہا کہ جو بچے انتہائی قابل ہیں انہیں پڑھائی کے نہ صرف اخراجات دیے جائیں گے بلکہ ان کے وظائف مقرر کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے