انجمن تاجران آل پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر کا مرکزی کنونشن کوٹلی کے مقام پر منعقد ہوا۔
کنونشن میں ہزاروں تاجروں نے شرکت کی۔
مرکزی انجمن تاجران کا یہ کنونشن انتہائی اہمیت کا حامل اس لیے تھا کہ موجودہ عوامی تحریک میں تاجروں اور انجمن تاجران کا کلیدی کردار رہا ہے۔
انجمن تاجران کے نو منتخب سیکرٹری جنرل اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر کور کمیٹی شوکت نواز میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی عوام اب مزید استحصال برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں گلگت لداخ اور کشمیر کے ساتھ ملنے والے قدرتی راستوں کو فی الفور کھولا جائے۔ دونوں اطراف کے لوگوں کو آپس میں ملنے دیا جائے اور داخلی تجارت کا اختیار دیا جائے جو ریاستی عوام کا بنیادی حق ہے ۔
شوکت نواز میر نے مزید کہا کہ عوامی حقوق کی جدوجہد کیساتھ ساتھ ہمارا سب سے اہم اور جاندار سوال شناخت کا سوال ہے ہم اپنی قومی شناخت پر کسی صورت کمپرومائز نہیں کر سکتے ۔
انہوںنے کہا کہ ریاستی عوام کی تقسیم مزید قبول نہیں ہے، ہمیں اپنوں سے ملنے کا حق دیا جائے بصورت دیگر قدرتی راستوں کو کھولنے اور داخلی تجارت کے حصول کے لیے تحریک منظم کریں گے ۔
بعد ازاں آل آزادکشمیر مرکزی انجمن تاجران نے ایک اعلامیہ جاری کیا ۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ آج کا یہ تاجر کنونشن حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آزادکشمیر جیسے پس ماندہ خطہ میں جہاں تاجر انتہائی نامساعد حالات میں پیشہ تجارت سے وابستہ ہیں پر دوہرے ٹیکسز کو فوری ختم کیا جایے اور اسی طرح ٹیکسز کا نظام سہل بنایا جائے۔
آج کا کنونشن حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آزادکشمیر بھر بالخصوص تمام کمرشل ایریاز کو فوری طور پر لوڈشیڈنگ فری زون قرار دیا جائے۔
آج کا یہ کنونشن حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام بلڈنگ مالکان کو قانون کرایہ داری پر کاربند کرے ہم عدلیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون کرایہ سے متعلق تمام کیسز کو فوری یکسو کیا جائے یہ کنونشن اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ جہاں بھی مالکان کی طرف سے قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کی جائے گی مرکزی انجمن تاجران مکمل طور پر متاثرہ تاجر کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔
آج کا کنونشن اس بات کو دھراتا ہے کہ آزادکشمیر بھر کے تمام تاجر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا اہم ترین جزو ہیں لہذا ہم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی تکمیل تک جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہیں گے جس طرح آذادکشمیر کے تاجر آزادکشمیر کے عوام کے معیار زندگی کی بہتری کے لئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ شریک جدوجہد ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ دیگر تمام شعباہائے زندگی سے وابستہ افراد بھی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا بھرپور ساتھ دیں گے اور عوامی حقوق کے حصول کی لازوال جدوجہد کا حصہ رہیں گے۔
آج کا یہ کنونشن بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی طرف سے آزادکشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد کی تحریک کو مکمل سپورٹ پر شکرگزار ہے اور امید رکھتا ہے کہ آئندہ بھی آپ کا بھرپور تعاون ہمیں حاصل رہے گا۔
آج کا یہ کنونشن آزادکشمیر کے عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کی اس عظیم الشان تحریک کو مضبوط بنانے میں اتفاق و اتحاد برقرار رکھیں اور کسی بھی گمراہ کن پروپیگنڈہ کا شکار نہ ہوں جس کے باعث آپ کو حاصل سہولیات واپس لی جائیں۔