باغ : عاطف کاظمی
نمائندہ کاشگل
پاکستان کے مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے باغ میں گرلز پوسٹ گریجویٹ کی طالبات نے مظفرآباد یونیورسٹی شعبہ امتحانات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور و دھرنا دیا ہے۔
مختلف پلے اٹھائے طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
طلبا مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال سے یونیورسٹی انتظامیہ جان بوجھ کرطالبات کو فیل یا کم نمبر دے کر رزلٹ خراب کر رہی ہے اور پھر چار سے پانچ ہزار فیس بٹور کر ری جیکنگ کرتی ہے جویونیورسٹی طالبات کے مستقبل کے ساتھ ایک کھیلواڑ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے سمسٹر کا رزلٹ ایک سال کے بعد دیا گیا ،اسلامیات جیسے جنرل مضمون میں دو تین یا پانچ نمبر دے کر جان بوجھ کر رزلٹ خراب کیے جاتے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ تمام مضامین میں کم نمبر دے کر طالبات سے اضافی فیس لے کر ری چیکنگ پر مجبور کیا جا رہا ہے جبکہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والی طالبات ہر سال چار سے پانچ ہزار روپے دے کر پیپر ری چیک نہیں کروا سکتی ہیں۔
طالبات کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کمر شل ادارہ بن چکا ہے، اضافی فیسوں کی خاطر طالبات کا مستقبل تباہ کر رہی ہے، کالج انتظامیہ بھی ہمارے موقف کی حمایت کے باوجود سٹینڈ نہیں لے رہی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ ہم انصاف کے لیے کس کے پاس جائیں ؟اگر ھمارے ساتھ انصاف نہیں ہوا تو احتجاج جاری رکھیں گے ۔
دوسری جانب پرنسپل گرلز پوسٹ کالج باغ کا کہنا تھا کہ بچیوں کا احتجاج درست ہے گزشتہ سال سے یونیورسٹی کی طرف سے مسائل کا سامنا ہے۔ رزلٹ بھی لیٹ ہوتے ہیں، بچیوں کے رزلٹ توقع کے برعکس ہیں ہم نے اپنا نمائندہ یونیورسٹی بھیجا تھا کنٹرولر امتحانات نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جمعرات تک یونیورسٹی سے ذمہ داران پیپر لے کر باغ کالج آئیں گےجس سطح سے بھی غلطی ہوئی ہو گی اسے درست کیا جائےگا۔