باغ(کاشگل نیوز )
سٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے صدر سردار اعظم حیدر ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ "سیٹیزن رائٹس فورم باغ”شہریوں کیلئے امید کی کرن ہے، ڈسٹرکٹ بار شہر کے مسائل کے حل کیلئے سیٹیزن رائٹس فورم کے ساتھ کھڑی ہو گی ۔
امیر جماعت اسلامی ضلع باغ قاضی ساجد نے کہا ہے کہ سیٹیزن رائٹس فورم کا قیام بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا ،ہم شہریوں کے حقوق کیلئے فورم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
فورم کے صدر سید فاروق شاہ گردیزی نے کہا ہے کہ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اب آپنے حقوق کیلئے چوکوں اور چوراہوں میں نکلیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیٹیزن رائٹس فورم باغ کی طرف سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیٹیزن رائٹس فورم باغ کے صدر سید فاروق شاہ گردیزی نے کہا کہ باغ شہر کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر جد وجہد کریں گے ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے نو منتخب عہدیداران کو انکی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ باغ شہر میں عوامی سہولت کیلئے عالمی امداد سے تعمیر کیا گیا کمیونٹی ھال بلدیہ باغ نے 7 لاکھ 2 ہزار روپے ماہانہ پر ٹھیکہ پر دے کر شہریوں سے یہ سہولت چھین لی ہے، وزراء حکومت سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی اب مجبوراً 21 فروری کو کمیونٹی ھال ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، پانی کی قلت اور شہر کے تمام مسائل کے حل کیلئے باغ شہر میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے ، باغ شہر کیلئے بی سی ڈی پی کے منصوبے بھی شہر میں نہیں لگنے دیئے گئے ، حکومت نے شہر کو علاقہ غیر سمجھ رکھا ہے ، بجلی کی ہر گھنٹے بعد بندش ، پانی کی شدید قلت نے شہری زندگی کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے ، شہر میں قبرستان ، سیوریج ،ڈرینیج ، پارکنگ ، صحت و صفائی تمام شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں ۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بڑے جلسے کی صورت اختیار کر گئی جس میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
عشائیہ کی تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری و میونسپل کونسلر شجاع محمود ایڈووکیٹ ، سیٹیزن فورم کے چیئرمین طاہر رفیق ،انجمن تاجران باغ کے صدر سردار افتخار محمود ، میونسپل کونسلر خان عبدالقادر خان ، سید آزاد شاہ گردیزی ، چوہدری حقنواز ایڈوکیٹ ، راجہ احسن مجاہد ایڈووکیٹ ، خواجہ صادق وانی ایڈوکیٹ ، سردار مسعود بیگ ،سید طاہر گردیزی ، خواجہ شبیر شمیم ، سید مدثر گردیزی ، خواجہ عمران بانڈے ، میجر سید تصور گردیزی ، محمد مقصود صابر ، سید ذوالفقار گردیزی ، راجہ ضمیر ، راجہ رفعت رفیق ، عثمان اشرف ، سید اظہر گردیزی ، خواجہ ارشد ڈار ، سید عمر گیلانی ، سید کاظم شاہ ، رفیق میر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا سیٹیزن رائٹس فورم باغ کے شہریوں کی آواز ہے ، ہم شہر کے تمام مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔
اس موقع پر شہر کی محرومیوں اور حکومت کی طرف سے باغ شہر کو مکمل نظر انداز کرنے کیخلاف 21 فروری کو سیٹیزن رائٹس فورم باغ کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا گیا ۔