چناری/ ھٹیاں بالا ( کاشگل نیوز)
آل پارٹیز الا ئنس نے پانڈو سیکٹر سے لیکر وادی لیپہ تک پرائمری سے ڈگری کالجز میں اساتذہ کرام کی مسلسل کمی سہولتوں کے فقدان سیاسی وابستگیوں اور پسند نا پسند کی بناء پر انتقامی کارروائیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انور الحق سے اصلاحات کا پرزور مطالبہ کر دیا اور کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں بڑھتی ہوئی بلا جواز مداخلت نے اداروں کو عضو معطل بنا کر رکھ دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ال پارٹی الائنس کے چیئرمین امیدوار اسمبلی حلقہ سات شوکت جاوید میر نے ممبر ضلع کونسل سید حسنین کاظمی اور پیپلز یوتھ کے سابق وائس چیئرمین سید جنید کاظمی کے تایا جان کی وفات پر بانڈی چکاں جا کر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد واپسی پر چناری اور ھٹیاں بالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے کروڑوں روپے کے فنڈز کو ہوائی منصوبہ جات کی فرضی بوگس فائلوں میں بند کر تجوریاں بھرنے کا عمل تسلسل سے جاری ہے ۔تعلیم صحت عامہ جنگلات سمیت ہر محکمہ میں بھاری نذرانوں کے عوض تقرریوں تبادلوں کی داستانیں زبان زدِ عام خاص ہیں مگر وزیراعظم چوہدری انور الحق ایمانداری پارسائی کے دعویدار ہیں۔
شوکت جاوید میر نے کہا کہ حکومت نے صحت کارڈ ویلفئر فنڈز کی اجرا کا لارا لگا کر متوسط طبقات کی نہ صرف عزت نفس مجروح کی بلکہ انھیں سرخ فیتے کی لعنت میں جھونک دیا گیا تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز میں بڑھتی ہوئی فیسوں نے تعلیم اور صحت کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شوکت جاوید میر نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کی کامیاب تحریک حکمرانوں کی شکست فاش ہے پانچ لاکھ سے زائد کے ہر منصوبے کے پراجیکٹ لیڈر ایک مخصوص برادری اور انکے ذاتی تعلق دار ہیں کمیشن خوری رشوت کے شعلے بڑھک رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تینوں حکومتوں میں ہر وزیراعظم کی ناک کا بال رہنے والوں سیاسی بدعہدی کی مہر اپنے مفادات کے لئے ثبت کی حلقہ سات میں تحریک انصاف کے نام پر ووٹ لیکر اپنی قیادت سے بے وفائی کرنے والے عوام اور اپنے کارکنوں سے کس طرح وفا کر سکتے ہیں اس وقت ابن الوقتوں چاپلوسوں نے محنتی وفادار رہنماؤں اور کارکنوں کو ہائی جیک کر رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آگے دوڑ پیچھے چوڑ کے مصداق پر عمل پیرا عوام دشمنوں کو عوامی عدالت میں جوابدہ ہونا پڑے گا اور عوام خاموش انقلاب کے ذریعے بے وفائی کرنے کی نئی راہیں کھولنے والے کرداروں کا سارا قرض بمعہ سود چکانے کے لئے بے تاب ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور مرکزی سینئر رہنما چوہدری ریاض پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین سپیکر چوہدری لطیف اکبر سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور کی قیادت میں عام انتخابات بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے کسی بھی پارٹی سے بغیر اتحاد کے حکومت سازی کرے گی ۔
ایک اور سوال کے جواب میں شوکت جاوید میر نے کہا کہ ہم پارٹی اور قیادت کے فیصلوں کی پاسداری کرنے والے ہیں جس کسی کارکن کو پارٹی نے ٹکٹ دیا وہ ہمارا ٹیم کیپٹن ہو گا البتہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شھید کے تمام نظریاتی پیروکار در اندازوں اور گھس بیٹھیوں کو اس عبرتناک انجام سے دوچار کریں گے کہ آئندہ تاریخ میں سیاسی مسافروں کی روحیں بھی کانپ اٹھیں گی ۔پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت کے خلاف بدزبانی کرنے والوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلانے کا عزم کر چکے ہیں خواہ وہ کوئی بھی ہو اور کسی کا بھی ٹاؤٹ ہو ہم طاقت کا سر چشمہ عوام کے نظریات و افکار پر کاربند تھے ہیں اور رہیں گے۔