پہلگام حملہ : 1500 افراد گرفتار،2 حملہ آوروں کا تعلق پاکستان سے ہے ،پولیس

 

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع اننت ناگ کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کرنے والے چار افراد میں سے مبینہ طور پر دو کا تعلق پاکستان سے ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق پہلگام حملے میں چار افراد ملوث تھے جن میں سے تین مبینہ حملہ آوروں کے نام بھی دیے گئے ہیں اور یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے ان میں سے دو کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ تیسرا شخص اننت ناگ کا مقامی شہری قرار دیا گیا ہے۔

تاہم چوتھے شخص کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ تینوں افراد عسکریت پسند گروپ لشکرِ طیبہ کے رکن ہیں۔

پولیس نے اس حملے میں مبینہ طور پر ملوث حملہ آوروں کے خاکے جاری کیے ہیں اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کو 20 لاکھ انڈین روپے انعام دینے اور ان کی شناخت خفیہ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے پہلگام حملے کے بعد کشمیر بھر سے لگ بھگ 1500 افراد کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کا خیال ہے کہ پہلگام حملہ کرنے میں چار عسکریت پسند ملوث تھے جن میں انڈین شہری اور غیرملکی بھی شامل ہیں۔

کشمیر کی پولیس نے حملہ آوروں سے متعلق کوئی بھی کارآمد اطلاع دینے والے کے لیے 20 لاکھ انڈین روپوں کے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔