ہنزہ میں فوجی تسلط کے قیام کیلئے مقامی ہوٹلوں کو سیاحوں کے لیے خطرہ قراردیا جارہا ہے، عوامی ورکرز پارٹی

ہنزہ (نمائندہ کاشگل نیوز)

عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کی نوآبادیاتی انتظامیہ کے ہنزہ کے مقامی ہوٹلوں کو "سیاحوں کے لیے خطرہ” قرار دینے اور خطے کو SIFC (اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل) کے حوالے کرنے کی سازش کو نوآبادیاتی جبر اور معاشی استحصال کی ایک نئی کڑی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مقامی معیشت کو تباہ کرنے، سیاحت پر غیرمقامی اجارہ داری قائم کرنے، اور خطے کو سیکیورٹی اداروں کے مکمل کنٹرول میں دینے کی ایک منظم سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قابض انتظامیہ نے اسلام آباد میں بنائے گئے NACTA کے قوانین کو بہانہ بنا کر ہنزہ کے مقامی ہوٹلوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ پابندیاں مقامی آبادی کو معاشی طور پر کمزور کرنے، ان کی زمینوں اور وسائل پر غیرمقامی سرمایہ کاروں کا قبضہ یقینی بنانے، اور SIFC جیسے اداروں کے ذریعے خطے کو خاکی سرمایہ دارانہ ایجنڈے کے تابع کرنے کے لیے نافذ کی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے دعووں کے برعکس مقامی ہوٹل سیاحوں کے لیے کبھی "خطرہ” نہیں رہے بلکہ یہ ہنزہ کی ثقافت محنت، اور خودانحصاری کی علامت ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام دو گھناؤنے مقاصد پر مبنی ہے اول سیکیورٹی کے نام پر ہنزہ کو مکمل طور پر سیکیورٹی ایجنسیوں کے حوالے کرکے مقامی آبادی کو خوف اور دہشت کے ماحول میں ڈالنا تاکہ SIFC کے تحت خطے کے وسائل کو غیرمقامیوں کے لیے کھول دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوم مقامی ہوٹلوں کو غیرمحفوظ قرار دے کر انہیں بند کروانا، تاکہ گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ جیسی کمپنیاں مقامی کاروبار کو ہڑپ کرتے ہوئے سیاحت پر اپنی اجارہ داری قائم کر سکیں۔ یہ سب کچھ اُس وقت ہو رہا ہے جب گلگت بلتستان کو آئینی حقوق تک سے محروم رکھا گیا ہے، اور یہاں کے عوام کو اپنے وسائل پر اختیار تک حاصل نہیں۔

عوامی ورکرز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر ہنزہ کے ہوٹلوں پر لگائی گئی پابندیاں واپس لی جائیں، SIFC کے نام پر خطے کے وسائل کو غیرمقامیوں کے حوالے کرنے کی تمام کوششوں کو روکا جائے، اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے بنیادی آئینی و جمہوری حقوق دیے جائیں۔ عوامی ورکرز پارٹی کے لیڈروں نے زور دیا کہ سیاحت مقامی آبادی کی معاشی ترقی کا ذریعہ ہے نہ کہ بیرونی سرمایہ داروں کی لوٹ مار کا۔ ہنزہ کی زمینیں، وسائل، اور فیصلے کا حق قانونی اور رواجی طور پر مقامی عوام کے پاس ہیں اور ہونا چاہیے۔

عوامی ورکرز پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نوآبادیاتی استحصال کے خلاف متحد ہوں اور ہر سطح پر احتجاجی تحریک کو مضبوط کریں۔ پارٹی عوامی احتجاجوں ،ریلیوں سڑکوں، اور میڈیا کے ذریعے اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ عوامی ورکرز پارٹی یہ عہد کرتی ہے کہ گلگت بلتستان بلخصوص ہنزہ کی عوام کی جدوجہد ہماری اجتماعی جدوجہد ہے اور ہم کسی بھی قیمت پر اپنی خودمختاری کا سودے نہیں کرنے دیں گے۔