پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے بلگراں میں کلاؤڈ برسٹ یعنی بادل پھٹنے سے 3 خواتین ہلاک ہو چکی ہیں۔
ہلاک ہونے والی خواتین میں میں 75 سالہ زیور جان اور ان کی 35 برس کی بیٹی شرینا بی بی اور 27 برس کی گوری بی بی شامل ہیں۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بلگراں کلاوڈ برسٹ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بلگراں میں کلاؤڈ برسٹ سے جہاں تین خواتین ہلاک ہوئی ہیں وہیں گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
طوفان اور تیز بارش کے بعد اس علاقے سے جلال دین نامی شخص ابھی تک لاپتہ ہیں۔
ضلع مظفرآباد تحصیل پٹہکہ کے گاؤں بلگراں میں کلاؤڈ برسٹ سے نقصانات کی اطلاعات موصوصول ہوئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق 15 سے زائد مویشی نالہ میں بہہ گئے ہیں۔
اس وقت ریسکو اپریشن جاری ہے آرمی کے نوجوان بھی حصہ لے رہے تاہم ابھی تک اس جگہ مشینری وہاں نہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوٹلی ناصر رفیق کے مطابق ضلع کوٹلی میں بھی طوفانی بارش کے دوران مختلف مقامات پر چھ افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
بادل پھٹنے سے ایک مسجد سمیت 15 سے 20 مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا ہے۔
انتظامیہ نے عوام الناس سے التماس کی ہے کہ نیلم ویلی روڈ پر روڈ کی بندش کی وجہ سے سفر سے گریز کریں۔
کمشنر آفس سے جاری ہونے والی ایڈوائزری کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں اس وقت شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں سے کلاؤڈ برسٹ کی بھی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ اس وقت بارش کا سلسلہ جاری ہے، عوام غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ ہر قسم کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔