پاکستانی فوج کے خلاف نعرہ بازی کا الزام،جموں  کشمیرکے طلبا پرمقدمات درج

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں03 جون 2025 کو جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی مارچ کے بعد ہونے والی ایف آئ آر منظر عام پر آ گئی ہے۔

ہجیرہ تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل محسن عزیز ، مرکزی سینیر نائب صدر ادیبہ جمیل ، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر انصار الیاس، سی سی ممبر صدام وانی ، پوسٹ گریجویٹ کالج یونٹ راولاکوٹ کے چیرمین احمد صغیر پر دفعہ 124۔147۔149۔ کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں درج کیا گیا کہ پاکستانی افواج اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی اور ریلی کرنے پر یہ ایف آئی آر درج کی گئ۔

جبکہ دوسری طرف این ایس ایف کا موقف ہے کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن روز اول سے ریاست جموں کشمیر پر بیرونی قبضے ہندوستانی افواج و پاکستانی افواج کے انخلاء کا مطالبہ کرتی ہے اور جبری و بے بنیاد قبضے کو ناجائز قرار دیکر ریاست جموں کشمیر کی وحدت و سالمیت کی بات کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی ایف آئی آر کو مسترد کرتے ہیں اور جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کسی بھی عہدیدار یا کارکن کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئ تو ریاست بھر قابض افواج کے خلاف احتجاجی تحریک کو منظم کریں گے۔

Share this content: