انڈین فضائیہ کا ایک جیگوار لڑاکا طیارہ راجستھان کے ضلع چورو میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ انڈین ائیر فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس حادثے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
تباہ ہونے والا طیارہ ایک ٹو سیٹر جنگی جہاز تھا۔
اے این آئی کے مطابق تباہ ہونے والے جیگوار طیارے نے راجستھان کے صورت گڑھ فضائی اڈے سے پرواز شروع کی تھی۔
انڈین فضائیہ کے مطابق اس واقعے کی انکوائری کی جا رہی ہے۔
یہ گذشتہ چھ مہینے میں جیگوار طیارہ گرنے کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 7 اپریل کو بھی ایک ٹو سیٹر جیگوار اپنی تربیتی پرواز کے دوران گجرات کے علاقے جام نگر میں میدان میں گر کر تباہ ہوا تھا، اس حادثے میں ایک پائلٹ کی جان گئی تھی۔
دو مارچ کو ایک جیگوار طیارہ ہریانہ کے امبالہ فضائی اڈے سے پرواز کرنے کے کچھ ہی دیر بعد پنچکولاکے علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا۔
جیگوار طیارے میں دو انجن نصب ہوتے ہیں، اسے فرانس اور برطانیہ نے مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔
انڈیا کے پاس سنگل اور ٹوسیٹر دونوں طرح کے طیارے ہیں۔ ٹو سیٹر جہاز عموماً تریبت کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
انڈین فصائیہ کے ذرائع کے مطابق اس وقت انڈین ایئر فورس کے پاس تقریبً 120 جیگوار طیارے ہیں، انھیں انڈین فضائیہ میں پہلی بار 1979 میں شامل کیا گیا تھا۔
Share this content:


