جموں کشمیر میں پولیس ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز، ہڑتال جاری

راولاکوٹ ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں محکمہ پولیس کا احتجاج جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ کمپلیکس راولاکوٹ میں رات کے اس پہر بھی دھرنا جاری ہے۔ دوسری جانب محکمہ کے افسران نے پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے اور آئی جی پولیس نے احتجاج کو کسی کی ایماء پر کیا جانے والا احتجاج قرار دے دیا ہے۔

تادیبی کارروائی کے طور پر مظفرآباد کے اینٹی رائٹ فورس کے پانچ اہلکاروں کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی پی نے پولیس اہلکاروں سے خطاب میں اس احتجاج کو چند پولیس اہلکاروں کی جانب سے کسی کی ایماء پر کیا گیا احتجاج قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی دو ہفتوں میں مسائل حاصل ہونے کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے اور احتجاج کرنے والے اہلکاروں کو احتجاج ختم نہ کرنے کی صورت دبے لفظوں میں تادیبی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے دو ہفتے کا وقت دینے سے انکار کیا ہے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس اہلکار میڈیا پر خود سامنے نہیں آتے، تادیبی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر ہی کوئی اعلانیہ ترجمان بھی مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ اس لیے پولیس اہلکاروں کا موقف ذرائع سے ہی جاری کرنا پڑ رہا ہے۔

Share this content: