گزٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کا رائج گورننس کے خلاف سخت لائحہ عمل اختیار کرنے کا اعلان

مظفرآباد ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں گزٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی مسلسل بے حسی اور وعدہ خلافیوں اور رائج گورننس کے نظام کے خلاف آئندہ سخت لائحہ عمل اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گزٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دعوے پر دعویٰ، جھوٹ پر جھوٹ، وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کے جو راگ الاپے تھے، وہ اب خود اس کے بدترین مذاق بن چکے ہیں۔ پولیس مسلسل ہڑتال پر ہے، عوام سڑکوں پر نکل چکے ہیں، ہر محکمہ مفلوج ہو چکا ہے، اور ریاستی مشینری مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ اس تباہی کے باوجود اسٹیبلشمنٹ چوہدری انوارالحق جیسے نااہل اور متنازع حکمران کو اقتدار سے چمٹائے رکھنے پر بضد ہے۔ کیا یہ سب اس خطے میں جان بوجھ کر انارکی اور بے چینی کو فروغ دینے کی منظم سازش ہے؟

بیان میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر کا ہر باشعور شہری اب سوال اٹھا رہا ہے کیا حکومت کا وجود صرف عوامی اذیت بڑھانے کے لیے باقی رکھا گیا ہے۔

Share this content: