صحافی قدیر خان اورسیاسی کارکن سجاد افضل کے خلاف مقدمات کا اندراج

راولاکوٹ ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے راولاکوٹ پولیس نے سینئر صحافی اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیف آرگنائزر سردار قدیر خان اور سروراجیہ انقلابی پارٹی کے صدر سردار سجاد افضل کے خلاف ایک انوکھا مقدمہ درج کیا ہے۔

سامنے آنے والی ایف آئی آر علت نمبر 232/25 ماڈل تھانہ راولاکوٹ کے مطابق رواں سال یکم اپریل کو دونوں ملزمان نے سوشل میڈیا پر پاک آرمی کے خلاف من گھڑت، خلاف حقائق اور نفرت انگیز مواد شیئر کیا، جس سے پاکستان آرمی کی ساکھ اور ملکی سلامتی کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

متذکرہ بالا متن پر یہ ایف آئی آر وقوعہ کے 3 ماہ اور 13 دن بعد راولاکوٹ پولیس تھانہ میں درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں 153اے اور 489 وائے جیسی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

گزشتہ عرصے میں پاکستان آرمی کی ساکھ کو مبینہ نقصان پہنچانے کے الزام میں متعدد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ ان مقدمات میں صحافیوں، سوشل میڈیا کارکنوں اور سیاسی کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور اس مقدمہ بازی میں اکثر نوجوانوں کے کیریئر کو بھی متاثر کیا جا رہا ہے۔

یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ اس طرح کی جعلی اور بوگس ایف آئی آرز درج کرنے کے پیچھے متحرک کرداروں کو پابند کیاجائے کہ وہ ان حرکتوں سے باز آئیں۔

Share this content: