جموں کشمیر کے پولیس ملازمین نے شدید دبائو کے باعث ہڑتال ختم کردی

مظفرآباد ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے احتجاجی پولیس ملازمین نے شدید ریاستی دبائو کے باعث ہڑتال ختم کردی۔

حکومت پولیس اہلکاروں کے درجن مطالبات میں سے تین مطالبات کی جزوی منظوری کے بعد پولیس اہلکاروں کی ہڑتال توڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

پولیس اہلکاروں نے ان مطالبات کو چارٹر آف ڈیمانڈ کا پانچ فیصد قرار دیا تھا اور 80 فیصد مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم مذاکراتی کمیٹی نے رات گئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایک بے نامی پیغام پولیس اہلکار کے واٹس ایپ گروپوں میں شیئر کیا گیا ہے، جس میں پولیس اہلکاررں کو صبح اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ ہڑتال کی وجہ سے کسی کے خلاف تادیبی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

حکومت نے تین مطالبات منظور کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ نوٹیفکیشنز کے مطابق راشن الاؤنس میں ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اب دو ہزار کی بجائے ماہانہ تین ہزار روپے، یعنی 100 روپے یومیہ راشن الاؤنس ملے گا۔ مطالبہ 500 روپے یومیہ راشن الاؤنس فراہم کرنے کا تھا۔

وردی الاؤنس تنخواہ میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ تیسرے نوٹیفکیشن کے مطابق رسک الاؤنس 2015 کی بنیادی تنخواہ کے برابر ادا کیا جائے گا، جبکہ مطالبہ 2022 کی بنیادی تنخواہ کے برابر رسک الاؤنس کی فراہمی کا تھا۔

باقی نو مطالبات میں ’شہداء‘ کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ اور آخری رننگ بیسک پر پینشن کی ادائیگی، فکس ٹی اے ڈی اے میں اضافہ، واشنگ الاؤنس، کانسٹیبلری الاؤنس، میڈیکل الاؤنس، کنونس الاؤنس اور ہاؤس رینٹ میں اضافہ، اور ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات شامل تھے۔

Share this content: