عوامی طاقت کو للکارنا ناممکن، مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں، امتیاز اسلم

مظفرآباد ( کاشگل نیوز)

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کورممبر چوہدری امتیاز اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی یہ تحریک عوام کی آواز ہے اور عوام آج بھی اپنے مطالبات کے حق میں ڈٹ کر کھڑی ہے۔

کورممبر چوہدری امتیاز اسلم نے کہا کہ حکمران یہ حقیقت ذہن نشین کر لیں کہ عوامی طاقت کو کچلنا کسی کے بس میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطہ متنازع ہے، اس لیے کسی بھی خطرناک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے عوام کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔

چوہدری امتیاز اسلم نے مزید کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی عوامی مفاد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور حکومت کو چاہیے کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لے۔

یاد رہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 29 ستمبر کو ریاست بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔

یہ لاک ڈاؤن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک چارٹر آف ڈیمانڈ پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو جاتا۔

Share this content: