گلگت(بیورچیف کاشگل نیوز)
عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ اور انجمن تاجران گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری مسعود الرحمان کو چیف کورٹ گلگت بلتستان نے ضمانت پر رہا کردیا۔
ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ اور دیگر چودہ رہنماؤں کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر میں 15 مئی کو گرفتار کردیا گیا تھا اور انویسٹیگیشن ونگ گلگت میں شدید جسمانی و ذہنی تشدد کے بعد سینٹرل جیل مناور گلگت بھیج دیا گیا تھا۔ جہاں سے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ شدید علیل ہونے کے بعد پی ایچ کیو گلگت میں ایڈمیٹ تھے جس کے بعد اسلام آباد کے ایک سرکاری ہسپتال میں ریفر کیا گیا تھا۔
عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے دیگر اسیر رہنماؤں کو ڈھائی ماہ قید کے بعد چیف کورٹ گلگت بلتستان سے رہائی ملی تھی تاہم احسان علی ایڈوکیٹ اور مسعود الرحمان کو 19 اگست کو چیف کورٹ نے ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔
رہائی کے بعد گلگت پہنچنے پر احسان ایڈوکیٹ اور مسعود الرحمان کو عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے ناد علی چوک سکوار کے مقام پر شاندار استقبال کیا اور ریلی کی صورت میں گھر پہنچایا۔
Share this content:


