کشمیر میں بارش وسیلاب کی تباہی سے 23 افراد ہلاک ، نیلم، مظفرآباد اور پونچھ شدید متاثر

مظفرآباد (کاشگل نیوز خصوصی رپورٹ)

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز موسلا دھار بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ مختلف حادثات میں 23 افراد ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

محکمہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث 290 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 1,668 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ بارش اور طغیانی کی وجہ سے 33 پل بہہ گئے اور 232 کلومیٹر سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو گئیں، جس کے باعث متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقے

وادی نیلم میں ندی نالوں میں طغیانی سے کئی دیہات زیر آب آگئے، متعدد مکانات، گاڑیاں اور پن چکیاں ریلوں میں بہہ گئیں۔

مظفرآباد میں نشیبی علاقے شدید متاثر ہوئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفرآباد-نیلم روڈ کئی گھنٹوں تک بند رہا۔

پونچھ اور باغ کے دیہی علاقوں میں درجنوں گھر تباہ ہوگئے اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا۔

حویلی اور سدھنوتی میں پہاڑی تودے گرنے سے رابطہ سڑکیں بند اور کئی دیہات محصور ہو گئے۔

تعلیمی ادارے اور معیشت

بارشوں کے نتیجے میں 169 اسکول تباہ یا جزوی متاثر ہوئے ہیں، جس سے ہزاروں طلبہ کے تعلیمی سلسلے میں تعطل پیدا ہوگیا ہے۔ زرعی معیشت بھی شدید متاثر ہوئی، اب تک کی اطلاعات کے مطابق 235 مویشی ہلاک جبکہ 17 پن چکیاں (گراٹ) بہہ گئیں۔ اسی طرح 15 گاڑیاں بھی ندی نالوں میں بہہ جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔

امدادی کارروائیاں

ضلعی انتظامیہ سماجی ورکرز اور ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، تاہم مسلسل بارش اور بند راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکومت نے متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر بند سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ماہرین کی وارننگ

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Share this content: