راولاکوٹ: طلبہ کی رہائی پر مذاکرات ناکام، عوامی ایکشن کمیٹی کا جیل بھرو تحریک کا اعلان

راولاکوٹ (کاشگل نیوز خصوصی رپورٹ)

پاکستان زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں گرفتار طلبہ کی رہائی کے حوالے سے حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اب تحریک کو "جیل بھرو تحریک” کی شکل دی جائے گی۔

جمعہ کے روز سینکڑوں افراد نے راولاکوٹ تھانہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ شرکاء نے شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے طلبہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے استعمال سے عوامی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ادھر عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر پونچھ ڈویژن میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ تمام بازار بند رہے، ٹریفک معطل رہی جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔ کئی مقامات پر مظاہرین نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک روک دیا۔

مقررین نے کہا کہ جب تک گرفتار طلبہ کو رہا نہیں کیا جاتا احتجاجی دھرنے اور ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے مقدمات ختم نہ کیے اور طلبہ کو رہا نہ کیا تو تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی اور "جیل بھرو تحریک” کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے گرفتار نوجوانوں کی رہائی یا مقدمات ختم کرنے پر فی الحال کوئی رضامندی ظاہر نہیں کی، جس کے باعث کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

Share this content: