پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں 29 ستمبر کو شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

مظفرآباد ( کاشگل نیوز)

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 29 ستمبر 2025 کو پاکستان کے زیر انتظام پورے مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

کمیٹی کے کور ممبر شوکت نواز میر نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر عوام متحد نہ ہوئی تو سستی بجلی اور سستے آٹے جیسی بنیادی سہولتیں بھی ان سے چھین لی جائیں گی۔

انہوں نے حکمرانوں کو "نوسرباز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکمران عوام کے نہیں بلکہ صرف اپنے پیٹ اور اپنی اولاد کے ہیں اور کبھی بھی عوام کے مسائل کے بارے میں نہیں سوچتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا جھگڑا کسی ملک یا ادارے سے نہیں بلکہ اس ریاستی نظام اور حکمرانوں سے ہے جو عوامی مفادات کے بجائے ذاتی مفادات کے اسیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران کبھی پاکستان کو برا بھلا کہہ کر اور کبھی فوج کو تنقید کا نشانہ بنا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بارہ مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں کے خاتمے، اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے اور دیگر عوامی مطالبات کے حق میں اس احتجاجی کال کا اعلان کیا ہوا ہے۔

Share this content: