مظفرآباد ( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیرانتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں 29 ستمبر کو لا متعینہ لاک ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال کے تناظر میں جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں ریزرو پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد پہلے سے موجود نفری میں اضافہ کر کے امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس جموں و کشمیر نے ضلع وار نئی بھرتی کانسٹیبلز کو بھیجنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ اعلیٰ حکام کو پولیس دربار منعقد کرنے، اہلکاروں کے مسائل کے حل، رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، جہاں ریزرو پولیس کی نفری کم تھی وہاں دیگر اضلاع سے اہلکار منتقل کر کے فورس کو مکمل کیا گیا ہے۔
اس وقت مجموعی طور پر 567 ریزرو پولیس اہلکاروں کو جموں و کشمیر کے 10 اضلاع میں ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔
مزاحمت کار رہنمائوں نے پولیس کے سینکڑوں نئے اہلکاروں کی اضلاع میں تعیناتی پر کہا کہ پولیس بھی ہماری ، ریاست بھی ہماری ، ادارے بھی ہمارے، ہم پر امن جدوجہد کرتے ہوئے عوامی حقوق کی جنگ لڑی رہے ہیں، پولیس کے اپنے مطالبات کیلئے کیے گئے احتجاج پر ہم نے بھرپور ساتھ دیا تھا اور ریاست کے ہر طبقے کے جائز حقوق کیلئے ہم آواز اٹھاتے رہیں گے۔
Share this content:


