مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج سے ایک دن قبل ہی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام اضلاع میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معطل کر دی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق دیگر اضلاع میں بھی سروسز کی بندش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آج دوپہر 12 بجے سے ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت جیز، یوفون، زونگ، اور ٹیلی نار کے موبائل سگنلز مظفرآباد شہر و جموں و کشمیر میں مکمل طور پر آف ہو چکے ہیں، جبکہ سیلولر انٹرنیٹ بھی دستیاب نہیں ہے۔
سروسز کی معطلی کے باعث عام شہریوں خصوصاً صحافیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خبر رسانی، رابطوں اور رپورٹنگ کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے۔
صحافتی حلقوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کے اس حکومتی فیصلے کو "انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام” قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اظہارِ رائے اور اطلاعات تک رسائی کے بنیادی حق کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے کل سے ریاست بھر میں لاک ڈاؤن کی کال دے رکھی ہے، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
Share this content:


