مظفرآباد /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
استعفیٰ کا اعلان انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
پیر مظہر سعید 2021ء میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فورم سے علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
وہ اس سے قبل پارلیمانی سیکرٹری برائے جیل خانہ جات، سپورٹس، زکواۃ و عشر، یوتھ اینڈ کلچر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
بعد ازاں انہیں وزیراعظم معائنہ و عمل درآمد کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔
پیر مظہر سعید نے 25 مئی 2024ء کو وزیر اطلاعات کے طور پر قلمدان سنبھالا تھا۔ وہ گزشتہ سال جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کرنے والی مصالحتی کمیٹی کے رکن بھی رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزرا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں مہاجرینِ مقیمِ پاکستان نشستوں کے خاتمے اور آزاد کشمیر اسمبلی کے ارکان کی تعداد کم کر کے 20 کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
ایسے میں پیر مظہر سعید کے اچانک استعفے کو بعض عوامی و سیاسی حلقے عوامی تحریک کی جیت قرار دے رہے ہیں۔
Share this content:


