گلگت: بالاورستان نیشنل فرنٹ کے رہنما منظر مایا 5 ماہ بعد جیل سے رہا

گلگت /نمائندہ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے علاقے دنیور سے تعلق رکھنے والے بالاورستان نیشنل فرنٹ (بی این ایف) ضلع گلگت کے سابق صدر اور عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان یوتھ ونگ کے رابطہ سیکریٹری منظر مایا کو پانچ ماہ بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔

منظر مایا کو رواں سال مئی میں اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب گلگت بلتستان بھر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے تھے۔ ان مظاہروں میں شرکت اور اظہارِ یکجہتی کے باعث اُنہیں حراست میں لیا گیا۔

دو ماہ بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ سمیت 13 رہنماؤں کو رہا کردیا گیا تھا، تاہم منظر مایا کی رہائی اُس وقت ممکن نہ ہوسکی تھی۔

نوجوان رہنما کامریڈ منظر مایا کی رہائی کے موقع پر مناور جیل کے باہر دنیور یوتھ، بالاورستان نیشنل فرنٹ کے کارکنان اور عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے مرکزی رہنما شیر نادر شاہی سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

منظر مایا کو مناور جیل سے دنیور تک ریلی کی صورت میں لایا گیا، جہاں پہنچنے پر کارکنان نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ نعرے بازی اور جوش و خروش کے ساتھ شرکائے ریلی نے کہا کہ منظر مایا کی رہائی عوامی جدوجہد اور نوجوانوں کے حوصلے کی جیت ہے۔

Share this content: