مظفرآباد : سابق وزیرپیر مظہر کا وردی میں ملبوس نقاب پوش افراد کے ساتھ سڑکوں پر گشت

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے سابق وزیرِ اطلاعات پیر مظہر شاہ سعید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ کے بعد دارلحکومت مظفر آباد کی سڑکوں پر وردی میں ملبوس نقاب پوش افرادکے ساتھ گشت کیا جسے دیکھ کر عوامی حلقوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ منظر نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے تحت قائم کردہ قانون نافذ کرنے کے اصولوں پر سوال اٹھاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پیر مظہر شاہ سعید جب اپنا استعفیٰ دینے کے لیے روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ گاڑیوں کے ایک قافلے میں چند نقاب پوش افراد موجود تھے، جنہوں نے وردیاں پہن رکھی تھیں۔ اس منظر کو دیکھ کر شہریوں میں یہ سوال اٹھنے لگا کہ آیا یہ گروپ کسی سرکاری ادارے سے وابستہ تھا یا کسی غیر رسمی تنظیم کا حصہ تھا۔

عوامی و سماجی حلقوں نے حکومتِ کشمیر، آئی جی پولیس اور مظفرآباد انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر وضاحت کریں کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت یہ صورتحال کس زمرے میں آتی ہے۔ اگر قانون سب کے لیے یکساں ہے تو پھر ان وردی پوش، نقاب پوش گروپوں کے حوالے سے شفاف موقف کیوں نہیں دیا جا رہا؟

Share this content: