مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر میں ڈینگی وائرس نے خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔
دارالحکومت مظفرآباد سمیت مختلف اضلاع میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھنے لگی ہے جس نے محکمہ صحت اور شہریوں دونوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز سی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق 14 اکتوبر 2025 کو پورے خطے میں 51 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 33 مظفرآباد اور 17 میرپور سے رپورٹ ہوئے۔
دیگر اضلاع میں اس روز کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔
رپورٹ کے مطابق 14 اکتوبر تک ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 909 تک جا پہنچی تھی، جبکہ آزاد ذرائع کے مطابق 15 اکتوبر 2025 تک یہ تعداد بڑھ کر 3 ہزار 1 ہو گئی۔ ان میں سے 2 ہزار 216 مریض صرف مظفرآباد سے تعلق رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈینگی سے پہلا جانی نقصان بھی رپورٹ ہو چکا ہے۔ امبور راڑو کے رہائشی ایک شخص نے شیخ زید اسپتال مظفرآباد میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین کے مطابق اسپتالوں میں لائے گئے مریضوں کو تیز بخار، سر درد، جسم میں درد، کمزوری اور پلیٹلیٹس کی کمی جیسی علامات لاحق تھیں۔
متاثرہ مریضوں کو فوری تشخیص کے بعد اسپتالوں کے مخصوص وارڈز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صفائی کی ابتر صورتحال، بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ:
مظفرآباد سمیت خطے کے مختلف شہروں میں سیوریج نظام کی ناقص حالت، نالوں کی صفائی میں کوتاہی اور حالیہ بارشوں کے بعد سڑکوں پر جمع پانی مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کئی زیر تعمیر عمارات اور خالی پلاٹس میں بھی ڈینگی کے لاروا کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے۔
ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات:
ماہرین صحت نے شہریوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
1۔روم کولر میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور باقاعدگی سے صاف کریں۔
2۔آرائشی گملے، ٹائر، پارکس یا چھتوں پر موجود برتنوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔
3۔بارش کے پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام رکھیں۔
4۔ایئرکنڈیشنر کے پانی کے اخراج کے لیے درست راستہ بنائیں۔
5۔گھروں، دفاتر اور گلی محلوں میں مچھر مار سپرے کروائیں، خصوصاً کونوں اور فرنیچر کے نیچے۔
6۔مچھر دانی اور مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال یقینی بنائیں۔
عوام میں تشویش:
شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود بلدیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے فومیگیشن کے اقدامات سست روی کا شکار ہیں۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم شروع کرے تاکہ وبا پر قابو پایا جا سکے۔
Share this content:


