عوامی ایکشن کمیٹی کا اجلاس،تحریک کو شہدا کے نام منسوب کرنے کا اعلان

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے ڈدیال میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ایک منعقدہ اجلاس میں تحریک کو شہدا کے نام منسوب کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی حالیہ تحریک کی تاریخ ساز کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہے اور اپنی اس تاریخ ساز کامیابی کو شہدائے عوامی حقوق تحریک، غازیان عوامی حقوق تحریک کے نام کرتی ہے۔

شہداء و غازی عوامی حقوق تحریک پوری قوم کے ہیروز ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر دیے لیکن قوم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ جموں کشمیر کے عوام اپنے شہداء کو خراج عقیدت، غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہداء و غازیوں نے جس مقصد کیلئے قربانی دی اس مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی 4 اکتوبر کے تاریخ ساز معاہدہ کے جملہ کرداروں کو متنبہ کرتی ہے کہ چند ضلعی انتظامی آفیسران اور سہولتکار مختلف واقعات کی آڑ میں اس معاہدہ کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جن کا محاسبہ دو طرفہ اعتماد سازی اور مذاکرات پر عملدرآمد کیطرف پیش رفت کیلئے ضروری ہے۔ کسی بھی انتظامی افسر یا انا پرست سیاستدان کیطرف سے منفی سرگرمی پوری قوم کو ایک بار پھر سڑکوں پہ لانے کا باعث بن سکتی ہے اس لئے ایسے کرداروں کا محاسبہ کیا جائے۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی یہ واضح کرتی ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام اور پاکستان کے عوام کے درمیان کوئی دشمنی نہیں بلکہ انسانیت و احترام کا بہترین رشتہ موجود ہے۔ چند ناعاقبت اندیش دو طرفہ سہولتکار کشمیری اور پاکستانی عوام درمیان نفرتوں کے بیج بونا چاہتے ہیں جو انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی امید کرتی ہے کہ کشمیری اور پاکستانی عوام ایسے سہولتکاروں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اسلام آباد، راولپنڈی میں پولیس کی طرف سے آزادکشمیر کے شہریوں کو حراساں کرنے اور پیسے چھیننے کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور اسے کشمیری و پاکستانی عوام کے درمیان نفرت پھیلانی کی سازش قرار دیتی ہے جس کے سدباب کیلئے حکومت پاکستان فوری کردار ادا کرے۔

اجلاس میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کو آرڈی نیشن اینڈ ریسرچ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے ممبران میں عابد شاہین، سردار سجاد خان، سردار شبیر خان، انجم زمان اعوان، توصیف علی جرال ایڈووکیٹ، مجتبٰی بن فیض فاروقی، انوار بیگ، راجہ عابد اسلم شامل ہیں۔

اجلاس میں 4 اکتوبر 2025ء کو ہونے والے معاہدہ کے مطابق عملدرآمد کیلئے قائم شدہ کمیٹی کیلئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے متفقہ طور پر بذیل ممبران کی نامزدگی کی گئی۔1۔ شوکت نواز میر 2۔ سردار عمر نذیر کشمیری 3۔ امتیاز اسلم

آزاد جموں کشمیر کے انتخابی حلقوں کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کی نشستوں کیلئے تشکیل کردہ ہائی پاور کمیشن کیلئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے بذیل ممبران کی نامزدگی متفقہ طور پر عمل میں لائی گئی۔ 1۔ راجہ امجد علی خان 2۔ سعد انصاری ایڈووکیٹ 3۔ سردار ارباب ایڈووکیٹ

حکمران اشرافیہ کی ناجائز مراعات کے خاتمہ اور تخفیف کیلئے تشکیل کردہ کمیٹی کیلئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر بذیل ممبران کی نامزدگی کی
1۔ فیصل جمیل کشمیری 2۔ راجہ غلام مجتبٰی 3۔ سردار راشد نعیم

29 ستمبر کو مظفرآباد میں پرامن مظاہرین پر ثاقب مجید، اس کے بیٹے اور دیگر ملزمان کو فائرنگ کرکے نہتے شہری کو شہید اور درجنوں افراد کو زخمی کرنے کی پاداش میں فوری گرفتار کیا جائے اور اس مقدمہ میں سردار عتیق احمد خان، میجر (ر) نصراللہ خان اور عثمان عتیق خان کو بھی گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا جائے کیونکہ مظفرآباد واقعہ، چمیاٹی واقعہ اور 23 اگست کو یوم نیلابٹ کے موقع پر کی گئی تقریروں کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ نیز درج کی گئی ایف آئی آر میں 6ATA کی دفعہ شامل کی جائے اور مسلم کانفرنس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیکر اس پر پابندی عائد کی جائے۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے نئے تعلیمی بورڈز (پونچھ، مظفرآباد) کے قیام کے حوالہ سے میرپور کے شہریوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے سعد انصاری ایڈووکیٹ، مجتبٰی بن فیض فاروقی اور مجتبٰی بانڈے پر مشتمل 3 رکنی اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جو عوام الناس سے ملاقات کر کے ان کے تحفظات دور کرے گی۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی موجودہ تحریک اور کال میں عوام الناس ۔ خواتین و حضرات اور بچوں کے مثالی کردار پر سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور حالیہ تحریک کی بے پناہ اور لازوال حمایت و مدد پر اوورسیز کشمیر کمیونٹی، عالمی ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ،صحافی حضرات ۔یو ٹیوبرز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ وہ آئندہ بھی تحریک کے ساتھ اپنی جڑت قائم رکھیں گے۔

معروف یو ٹیوبر محمد انیس جو کہ ٹریفک حادثہ میں زخمی ہو گئے ہیں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ان کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہے اور پوری قوم سے دعاوں کی اپیل کرتی ہے۔ دوران تحریک محمد انیس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

باوثوق ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران اور متحرک کارکنان کے نام ECL اور PCL میں ڈالے گئے ہیں جن کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام ناموں کو فوری طور پر ECL اور PCL سے نکالا جائے۔

اجلاس میں ایڈوائزری کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی جس کے ناموں کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی تمام مخیر حضرات کو مطلع کرتی ہے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شہداء یا زخمیوں کی مالی معاونت کیلئے کوئی فنڈنگ نہیں کر رہی۔ جو مخیر حضرات جذبہ حب الوطنی اور شہداء و زخمیوں کی داد رسی کیلئے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں وہ متعلقہ علاقہ کے ممبران کور کمیٹی کے ذریعہ متعلقہ خاندانوں سے براہ راست رابطہ کر کے ان کی مدد کر سکتے ہیں تاہم اگر کوئی شخص یا اشخاص اس سلسلہ میں کوئی چندہ مہم چلاتا ہے تو جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اس کی ذمہ دار نہ ہو گی۔

Share this content: