اتحادی حکومت کو ایک اور جھٹکا ،مزید 2 وزرا مستعفی

مظفرآباد /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں اتحادی حکومت کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا۔

اتحادی کابینہ کے مزید دو وزرا نے اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ عبد الماجد خان اور وزیر خوراک چودھری اکبر ابراہیم نے اپنے تحریری استعفے وزیر اعظم چودھری انوار الحق کو ارسال کر دیے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ پہلے ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں، جس کے بعد مستعفی ہونے والے وزرا کی مجموعی تعداد تین ہو گئی ہے۔

مستعفی وزرا نے اپنے استعفوں میں لکھا ہے کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ مہاجرین کے منتخب نمائندے ہیں جو پاکستان بھر میں آباد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہاجرین کی نشستوں کی مخالفت کے باعث وزارتوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ مہاجرین کے لیے آئینی طور پر مختص 12 نشستوں کو ختم کرنے کے "غیر منصفانہ اور بے بنیاد مطالبے” کی سختی سے مخالفت کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ مستعفی ہونے والے دونوں وزرا 2021 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پلیٹ فارم سے منتخب ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں وہ پارٹی سے منحرف ہو گئے تھے۔

یاد رہے JAAC اور وفاقی مصالحتی کمیٹی کے مابین مہاجرین نشستوں کے متعلق ہونے والے معاہدے پر مہاجرین سیٹوں کے خاتمے پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد مہاجرین ممبران کی جانب سے پہلے دو استعفے سامنے آ گے ہیں۔

Share this content: