پاکستانی جموں کشمیر میں وزارتِ عظمیٰ کی تبدیلی کی تیاریاں

مظفرآباد /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی گیارویں اسمبلی میں ایک بار پھر وزارتِ عظمیٰ کی تبدیلی کی گونج سنائی دینے لگی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے حکومت سازی کے لیے کمر کس لی ہے اور موجودہ اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کو نیا قائدِ ایوان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے پاس اس وقت 17 اراکین اسمبلی موجود ہیں، جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کو صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ کے پانچ اراکین کی حمایت بھی حاصل ہو چکی ہے۔ مزید برآں، منحرف اراکین کے پانچ اراکین نے بھی پیپلزپارٹی کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ اور موجودہ وزیراعظم اپنی جماعت کے ہمراہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھیں گے۔ حتمی لائحہ عمل اور منظوری کے لیے اہم اجلاس آج کراچی میں منعقد ہو گا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اگر تبدیلی عمل میں آتی ہے تو یہ موجودہ اسمبلی کا چوتھا وزیراعظم ہو گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2006 سے 2011 کے دوران قائم حکومت میں بھی چار مرتبہ وزارتِ عظمیٰ میں تبدیلیاں ہو چکی ہیں۔

Share this content: