مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آج یونیورسٹی طلبا کے جاری احتجاج کے دوران اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب کچھ شر پسند عناصر نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم طلبا نے غیر معمولی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، احتجاج کرنے والے طلبا اپنے مطالبات کے حق میں پُرامن دھرنا دے رہے تھے، اسی دوران چند نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس سے موقع پر افرا تفری مچ گئی۔ پولیس فورس فوری طور پر حرکت میں آئی، مگر فائرنگ کے باعث کچھ اہلکار عارضی طور پر محصور ہو گئے۔ طلبا نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو نکالا اور انہیں محفوظ جگہ منتقل کیا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مظفرآباد پولیس کے ترجمان کے مطابق، ’’یہ واقعہ طلبا کے پُرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔‘‘
دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن رہیں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی ہے، جبکہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے طلبا کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ شر پسند عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
Share this content:


