مظفرآباد/ کاشگل نیوز
پاکستان کے زیرِ انتظام مقبوضہ جموں کشمیر میں آج سال 2025 کا دوسرا سپر مون پوری آب و تاب کے ساتھ آسمان پر نمودار ہوا۔
یہ دلکش فلکیاتی منظر شہریوں کے لیے حیرت اور مسرت کا باعث بنا، جب چاند اپنے عام حجم سے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق سپر مون اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب ترین مقام پر پہنچتا ہے، جس کے باعث وہ عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
اس سال کا پہلا سپر مون 7 اکتوبر 2025 کو دیکھا گیا تھا، جب چاند کے قریب سیارہ زحل (Saturn) بھی نمایاں طور پر دیکھا گیا۔ اس سپر مون کو اضافی روشنی کی بدولت قدیم کسانوں کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا، اسی نسبت سے اسے "ہارویسٹ سپر مون” کا نام دیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق دوسرا سپر مون، جو آج 5 نومبر 2025 کو دیکھا جا رہا ہے، سال کا سب سے روشن سپر مون ہے۔ جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون 5 دسمبر 2025 کو آسمان پر نظر آئے گا۔
نظارے کا بہترین وقت سورج غروب ہونے کے فوراً بعد ہے، جب چاند مشرقی افق سے طلوع ہوتا ہے اور طلوعِ آفتاب سے کچھ پہلے مغرب میں غروب ہو جاتا ہے۔
فلک بینی کے شوقین افراد آج رات اس نایاب اور دلکش منظر کو کھلے آسمان تلے واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔
Share this content:


