مظفرآباد: نرخ ناموں کی دھجیاں اڑا دی گئیں، عوام مہنگے داموں پھل و سبزیاں خریدنے پر مجبور

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی سبزی و فروٹ منڈی میں انتظامیہ کی غفلت اور نئی سبزی و فروٹ منڈی میں تشکیل پانے والی کمیٹی/یونین کے باعث نرخ نامے عوامی نظروں سے غائب ہو گئے ہیں۔

دکاندار من مانی قیمتوں پر پھل اور سبزیاں فروخت کر رہے ہیں،سونے پر سہاگہ یونین کی آشیر باد میں سبزی منڈی کے باہر مصروف ترین شاہراہوں ایبٹ آباد روڈ،ٹاہلی منڈی روڈ،بنک روڈ و دیگر پر ریڑھیاں تھڑے لگوا دیے ہیں۔

جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی نگرانی یا کارروائی نظر نہیں آ رہی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پہلے ہی مہنگی ہیں، اب بغیر نرخ ناموں کے فروخت سے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

بعض خریداروں نے شکایت کی کہ ایک ہی سبزی مختلف دکاندار الگ الگ داموں میں فروخت کر رہے ہیں۔عوام جن میں محمد بشیر،طارق حسین،میجر ریٹائرڈ طارق اعوان،قربان شاہ،ملک شہزاد،ملک الطاف،سید غلام رسول شاہ،نزاکت مغل،وحید مغل نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ منڈیوں میں روزانہ نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

Share this content: