باغ/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے باغ میں گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کی سلور جوبلی کے موقع پر باغ آرٹ کونسل اور گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام 3 روزہ آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا۔
تین روزہ تعلیمی تقریب میں آرٹ ایگزیبیشن میں نعتیہ مقابلہ، بک فیئر، آرٹ ایگزیبیشن، مشاعرہ، ایجوکیشنل سیمینار، مباحثہ، سائنس ایگزیبیشن، مقابلہ مضمون نویسی، مقابلہ بیت بازی، ثقافتی رنگ اور رنگا رنگ پکوانوں کے علاؤہ مختلف سٹالز لگائے گئے۔
تقریب میں گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کے علاؤہ ویمن یونیورسٹی باغ، گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج باغ اور دیگر پرائیوٹ کالجز نے حصہ لیا۔
طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے آرٹ ایگزیبیشن میں شرکت کی اور اپنا ہنر دکھایا۔
اس موقع پر جموں کشمیر پیپلز نیشنل کمیون لائبریری کی ممبرز متعلقہ کالج کی طالبات نے بک سٹال لگایا جو طلباء و طالبات کی توجہ کا مرکز رہا۔
بک سٹال میں ریاست جموں کشمیر سمیت دنیا بھر کے ترقی پسند مصنفین کی کتابیں رکھی گئی تھیں۔ مطالعے سے لگاؤ رکھنے والے طلباء و طالبات سمیت دیگر وزیٹرز نے نا صرف اس بکس کولیکشن کو سراہا بلکہ بہت ساری کتابیں خرید کر لے گئے جو آج کے اس ڈیجیٹل دور میں کتاب دوستی کی علامت ہے۔
مختلف مکتب فکر کے لوگوں نے آرٹ ایگزیبیشن کا دورہ کیا اور نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سراہا۔
آرٹ ایگزیبیشن میں شامل طلبہ وطالبات کا جذبہ دیدنی تھا۔ ایسی صحت مند ایکٹیویٹیز طلباء کا علم و فن سے رشتہ مضبوط کرتی ہیں۔
Share this content:


