انڈیا: بھارتیہ جنتا پارٹی اتحاد بہار الیکشن میں کامیاب

انڈیا کی ریاست بہار میں ریاستی انتخابات کے مکمل نتائج سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق وزیرِ اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 89 نشستوں سے کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر اُبھری ہے۔

بی بی سی ہندی کے مطابق بہار کی ریاستی اسمبلی میں کُل 243 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے نتائج منظرِ عام پر آنے کے بعد بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں مستحکم پوزیشن میں نظر آ رہی ہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق بی جے پی کی اتحادی جماعتوں جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 85 جبکہ جانشتکتی پارٹی (رام ولاس) نے 19 نشستیں جیتی ہیں۔

اس کے علاوہ بہار انتخابات میں راشٹریا جنتا دل نے 25، کانگرس نے چھ، ہندوستانی عوام مورچہ نے پانچ اور راشٹریا لوک مورچہ نے چار نشستیں جیتی ہیں۔

ریاستی انتخابات میں اسد الدین اویسی کی آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین نے بھی پانچ نشستیں جیتی ہیں۔

بی بی سی ہندی کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے دو جبکہ انڈین انکلیوسو پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی نے بھی بہار میں انتخابات میں ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔

انڈین ریاست بہار میں انتخابی نتائج منظر عام پر آنے کے بعد سیاسی رہنماؤں کا ردِ عمل بھی سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔

جہاں وزیرِ اعظم نریندر مودی اپنی جماعت کو 89 نشستیں جیتنے پر مبارکباد دے رہے ہیں، وہیں انڈین اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نتائج کو ’حیران کُن‘ قرار دے رہے ہیں۔

بہار میں ریاستی انتخابات میں جیت کے بعد انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ’بہار کے لوگوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔‘

بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈکوارٹر میں خطاب کرتے ہوئے انڈیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’میں نے بہار کے لوگوں سے ہمیں لینڈ سلائیڈ فتح دینے کی درخواست کی تھی اور انھوں نے ہم سے اتفاق کیا۔ انھوں نے ہمیں سنہ 2010 کے بعد سے ہمیں سب سے بڑا مینڈیٹ دیا۔‘

انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’ہم لوگوں کے ملازم ہیں۔ ہم انھیں اپنی سخت محنت سے خوش کر رہے ہیں، ہم نے ان کے دل چُرا لیے ہیں۔ اسی لیے پورے بہار نے ہماری حکومت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

دوسری جانب کانگرس کے رہنما راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ: ’میں گرینڈ الائنس پر اعتماد کا اظہار کرنے پر بہار کے کروڑوں ووٹرز کا شکرگزار ہوں۔ بہار کے یہ نتائج بہت حیران کُن ہیں۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ: ’ہم ایسے الیکشن نہیں جیت سکے جو شروع سے ہی غیر شفاف تھے۔‘

’یہ آئین اور جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ کانگرس پارٹی اور انڈیا الائنس اس پر غور کرے گا اور جمہوریت کو بچانے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنائے گا۔‘

خیال رہے بہار انتخابات میں کانگرس صرف چھ نشستیں جیت سکی ہے جبکہ اس کی اتحادی جماعت راشٹریا جنتا دل نے 25 سیٹیں جیتی ہیں۔

Share this content: