مظفرآباد /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیرا نتظام جموں کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں سی ایم ایچ کے آپریشن تھیٹر کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
سامنے آنے والی تصویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص آپریشن تھیٹر کے اندر سرجری کے دوران مریض کے ساتھ موجود ہے اور کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکرا رہا ہے، جبکہ دوسرا اہلکار مریض پر آپریشن میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔
میڈیکل قوانین کے مطابق نہ صرف آپریشن تھیٹر میں موبائل فون لے جانا سختی سے ممنوع ہے بلکہ دورانِ آپریشن فوٹو یا ویڈیو بنانا پیشہ ورانہ اخلاقیات، مریض کی پرائیویسی اور اسپتال کے ضابطہ کار کی سنگین خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔
اس عمل سے نہ صرف آپریشن کے دوران ارتکاز متاثر ہوتا ہے بلکہ انفیکشن کنٹرول کے اصول بھی پامال ہوتے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس نوعیت کی غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویّوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
Share this content:


