محکمہ برقیات کشمیر کے 12 ورک چارج ملازمین نے اپنا احتجاج مؤخرکردیا

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں محکمہ برقیات جموں کشمیر کے 12 ورک چارج ملازمین نے حکومت سازی کے بعد اپنے جاری احتجاج کو پندرہ دن کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ ان کے دیرینہ مطالبات خصوصاً مستقلی کے حوالے سے مثبت پیشرفت متوقع ہے۔

ورک چارج ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے مستقل نہ کیے جانے پر سراپا احتجاج تھے۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ برسوں سے ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، اس کے باوجود عدالتی فیصلے اور متعدد یقین دہانیوں کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا سکا۔

ملازمین نے کہا کہ پندرہ روزہ مہلت نئی حکومت کو موقع دینے کے لیے دی گئی ہے تاکہ وہ اُن مسائل کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس بار سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کرے گی۔دوسری جانب محکمہ برقیات کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین کے مطالبات حکومت تک پہنچا دیے گئے ہیں، اور پالیسی سطح پر جلد اہم پیشرفت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ مستقل نہ ہونے کے باعث ملازمین مالی عدم استحکام، سروس اسٹرکچر کے فقدان اور مستقبل کی بے یقینی کا شکار ہیں، جن کا حل نئی حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان سمجھا جا رہا ہے۔

Share this content: