پاکستان کے دفاعی منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری

پاکستان کی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈیفینس ڈویژن کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک سمری منظور کرتے ہوئے مختلف دفاعی منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری دے دی۔

منگل کے روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں ہونے والے ای سی سی اجلاس کے دوران سکیورٹی، دفاعی منصوبوں، اور تنظیمی اصلاحات کے متعدد منصوبوں کے لیے گرانٹس کی منظوری دی۔

ای سی سی نے وفاقی سول آرمڈ فورسز کے زیر استعمال دفاعی آلات کی دیکھ بھال اور مرمت کے لیے وزارت داخلہ اور انسداد منشیات کی درخواست پر 10 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک اور درخواست پر ای سی سی نے وفاقی سول آرمڈ فورسز کی جانب سے بارڈر کنٹرول آپریشنز، اندرونی سکیورٹی اور امن و امان کی بحالی کے لیے 84 کروڑ 15 لاکھ روپے کی اضافی منظوری دی۔

اس کے علاوہ کمیٹی نے ڈیفنس ڈویژن کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک سمری کی منظوری دیتے ہوئے مختلف دفاعی منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کر لی۔

Share this content: