پاکستانی جموں کشمیر کی نئی 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ زیر انتظام جموں و کشمیر میں 2021 سے 2026 تک کی قانون ساز اسمبلی کے دورانیے میں چوتھی کابینہ نے آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نو منتخب وزرا سے حلف لیا۔

نئی کابینہ کل اٹھارہ وزرا پر مشتمل ہے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین کے ساتھ وہ ممبران بھی شامل ہیں جو حالیہ سیاسی تبدیلیوں کے بعد حکومت کا حصہ بنے۔

 جاوید ایوب، جاوید اقبال بڈھانوی، چوہدری ارشد، چوہدری رشید، نبیلہ ایوب، محمد حسین، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری اخلاق، فہیم ربانی، میاں وحید، قاسم مجید، رفیق نئیر، دیوان چغتائی، ملک ظفر، ضیاء قمر، عامر یسین، بازل نقوی اور علی شان سونی کابینہ کے وزرا میں شامل ہیں ۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور، سابق وزیراعظم سردار یعقوب خان اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس بھی شریک ہوئے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نو منتخب کابینہ میں مہاجرینِ مقیم پاکستان کی نشستوں سے کوئی رکن شامل نہیں کیا گیا۔ اس فیصلے کو عوامی ایکشن کمیٹی اور شہری حلقوں کے کارکنان اپنی "فتح” قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق شہری حلقوں سے کابینہ میں محدود نمائندگی رکھنے کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جا رہا تھا جو اب کسی حد تک پورا ہوا ہے۔

Share this content: