پاکستان وکشمیری حکومت کے پاس معاہدے کی پاسداری کیلئے صرف 37 دن باقی ہیں، شوکت نواز میر

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیرانتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومتِ پاکستان، حکومتِ جموں و کشمیر اور کمیٹی کے درمیان طے شدہ معاہدے پر عمل نہ ہونے اور مبینہ تاخیر کے خلاف باضابطہ اعتراضی خط وزیرِاعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں جمع کرا دیا ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر نے کہا کہ معاہدے پر پاسداری کے لئے آخری تاریخ 4 جنوری 2026 مقرر ہے، جس میں اب صرف 37 دن باقی رہ گئے ہیں۔

اِسی حوالے سے رہنما سردار عمر نذیر نے واضح پیغام میں کہا: “ہم زیادہ دیر انتظار نہیں کریں گے، اجلاس بلا کر اپنا لائحہ عمل اور آئندہ حکمتِ عملی کا اعلان کریں گے۔ بعد میں یہ نہ کہا جائے کہ خبر نہیں ہوئی یا آگاہی نہیں دی گئی۔”

وزیراعظم جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو مخاطب کرتے ہوئے کمیٹی نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے مس کمٹمنٹ اور مبینہ بدعہدی کی جا رہی ہے، اور اگر معاہدے پر عمل میں مزید تاخیر ہوئی تو مزید انتظار نہیں کیا جائے گا۔

کمیٹی کے مطابق خط وزیرِاعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کا مقصد حکومتوں کو یاد دہانی اور احتجاج ریکارڈ کروانا ہے تاکہ معاہدے پر فوری عمل یقینی بنایا جا سکے۔

Share this content: