کوٹلی /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے کوٹلی کے علاقے ناڑ میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ریاستی حکومت کے خلاف معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے احتجاجی مظاہرہ کیا اوردھرنا دیا۔
شرکاء نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے باعث کارکنان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ایکشن کمیٹی کے مطابق حکومت نے معاہدے کے تحت درج مقدمات واپس نہیں لیے جبکہ کارکنان کے کریکٹر سرٹیفکیٹ کا اجرا بھی روک دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ متعدد کارکنان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کا بیرونِ ملک سفر انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے کوٹلی میرپور روڈ کو ناڑ کے مقام پر مکمل طور پر بند کر دیا جس سے دونوں شہروں کے درمیان آمد و رفت معطل ہو گئی۔
مظاہرین کی حکومت مخالف نعرہ بازی کے باعث علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی اور ٹریفک کئی گھنٹوں تک جام رہی۔
ایکشن کمیٹی کے رہنما امتیاز اسلم نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جب تک کارکنان کے خلاف تمام مقدمات ختم نہیں کیے جاتے، دھرنا جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی مسلسل خلاف ورزی عوام کے غم و غصے میں اضافہ کر رہی ہے۔
Share this content:


